کلام کرتا ہے اور اپنے کلام کے ذریعہ سے غیبی امور پر اُس کو اطلاؔ ع دیتا ہے اور میں اِن قرآنی برکات کو قصہ کے طورپر بیان نہیں کرتا بلکہ میں وہ معجزات پیش کرتا ہوں کہ جو مجھ کو خود دکھائے گئے ہیں۔ وہ تمام معجزات ایک لاکھ کے قریب ہیں بلکہ غالباً وہ ایک لاکھ سے بھی زیادہ ہیں خدا نے قرآن شریف میں فرمایا تھا کہ جو شخص میرے اس کلام کی پیروی کرے وہ نہ صرف اس کتاب کے معجزات پر ایمان لائے گا بلکہ اُس کو بھی معجزات دئیے جائیں گے سو میں نے بذاتِ خود وہ معجزات خدا کے کلام کی تاثیر سے پائے جو انسانوں کی طاقت سے بلند اور محض خدا کا فعل ہیں۔ وہ زلزلے جو زمین پرآئے اور وہ طاعون جو دُنیا کو کھا رہی ہے وہ انہیں معجزات میں سے ہیں جو مجھ کو دیئے گئے۔ میں نے ان آفات کے نام و نشان سے پچیس۲۵ برس پہلے اپنی کتاب براہین احمدیہ میں ان حوادث کی خبروں کو بطور پیشگوئی شائع کردیا تھا کہ یہ آفتیں آنے والی ہیں سووہ تمام آفات آگئیں اور ابھی بس نہیں بلکہ آنے والی آفات اُن آفات سے بہت زیادہ ہیں۔اور بعض نئی وبائیں بھی ہیں جو پہلے اس سے کبھی اس ملک میں ظاہر نہیں ہوئیں اور وہ ڈرانے والی اور دہشت ناک ہیں اور ایک سخت اور خوفناک قسم کی طاعون بھی ظاہر ہونے والی ہے جو اس مُلک اور دوسرے ملکوں میں ظاہر ہوگی اور نہایت پریشان کرے گی شاید اب کے سال یا دوسرے سال میں اور ایک زلزلہ بھی آنے والا ہے جو ناگہانی طور پر آئے گا اور سخت آئے گا۔ معلوم نہیں کہ کسی حصہ ملک میں یا عام ہوگا اگر دنیا کے لوگ خدا سے ڈریں تو یہ آفات ٹل بھی سکتی ہیں کیونکہ خدا زمین و آسمان کا بادشاہ ہے وہ اپنے حکموں کو جاری بھی کرسکتا ہے اور ٹال بھی سکتا ہے مگر بظاہر کچھ امید نہیں کہ لوگ خدا سے ڈریں کیونکہ دل حد سے زیادہ سخت ہوگئے ہیں۔ اور مجھے اُن پیشگوئیوں کے پیش از وقت سنانے کی وجہ سے اُن کے متنبہ ہونے کی کچھ توقع نہیں اور بجز اس کے کوئی امید نہیں کہ ٹھٹھا کیاجائے گا اور یا گالیاں دی جائیں گی اور یا ہم اس بات سے متہم کئے جائیں گے کہ لوگوں میں تشویش پھیلاؔ تے ہیں۔