درحقیقت دین وہی دین ہے جس کے ساتھ سلسلہ معجزات اور نشانوں کا ہمیشہ رہے تا اس دین کے پَیرو کو بہت آسانی اور سہولت سے سمجھ آجائے کہ خدا موجود ہے لیکن جس دین میں خدا کے نشانوں کے ذکر کرنے کے وقت صرف قصوں کا حوالہ دیا جاتا ہے اُس کے ذریعہ سے خدا کی معرفت کیونکر حاصل ہو ؟ دوستو !! خدا کے تازہ بتازہ نشانوں میں عجیب لذت ہے۔ اُس لذت کی کیفیت ہم کیونکر بیان کرسکتے ہیں وہ کس قدر ایمان کی ترقی کا وقت ہوتا ہے جب کہ خدا کوئی غیب کی خبر ہمیں بتلاکر ثابت کرؔ تاہے کہ میں موجود ہوں اور ساتھ کسی مشکل کو حل کرکے ظاہر کرتا ہے کہ میں قادر ہوں اور ہمارے دشمن کو ہلاک کرکے اپنی وحی سے ہمیں مطلع کرتا ہے کہ میں تمہارا مؤیّد اور مددگار ہوں اور ہمارے دوستوں کی نسبت ہماری دعائیں قبول کرکے ہمیں اطلاع دیتاہے کہ میں تمہارے دوستوں کادوست ہوں۔ دشمنوں میں سے نمونہ کے طور پر میں بیان کرتا ہوں کہ آریوں میں سے لیکھرام نام ایک شخص اٹھااور توہین اور تکذیب میں حد سے زیادہ گذر گیا آخر میرے خدا نے اُس کی ہلاکت کی مجھے خبر دی۔ تب وہ ایک ایسے شخص کے ہاتھ سے مارا گیا جس کا آج تک پتہ نہ ملا کہ وہ کون تھا۔ پھر امریکہ میں عیسائیوں میں سے ایک شخص اٹھا جس کا نام ڈوئی تھا اور اُس نے گمان کیاکہ میں بھی کچھ ہوں او ررسالت کا دعویٰ کیا اور اس بات پر اصرار کیا کہ حضرت عیسیٰ خدا ہیں اوریہ ظاہر کیا کہ گویا خدا کی طرف سے اُس کو یہی الہام ہوا ہے۔ میں نے اس کو لکھا کہ تو خدا پر افترا کرتا ہے اس لئے تو سخت تباہی کے ساتھ ہلاک ہوگا۔ سو اُسی دن سے اُس کی تباہی شروع ہوئی یہاں تک کہ فالج کے عذاب میں مبتلا ہوکر مرگیا اور اپنی موت سے ثابت کرگیا کہ مفتری کا یہ انجام ہوتا ہے۔ ایساہی مسلمانوں میں سے ایک شخص جو قصور ضلع لاہور کا رہنے والا تھا اُٹھا اور نام اُس کا