ان کے لئے ایک نشان بلکہ کئی نشان ظاہرہوں گے والسّلام علٰی من اتّبع الہدیٰ۔ دیکھو پرچہ اخبار البدر نمبر ۲۴ جلد ۲۔
اس کے بعد وہ مقدمات جو کرم الدین کی طرف سے دائر تھے خارج ہو کر وہ سزایاب ہو گیا اور خدا تعالیٰ کی پیشگوئی ایسے طور سے پوری ہوئی کہ خدا تعالیٰ کی قرار داداہ علامات جو فتح پانے والے کے لئے اس پیشگوئی میں ہیں وہ ہمارے نصیب ہوئیں فالحمدللّٰہ علٰی ذالک۔
۱۷۱۔ نشان۔ آج کی ڈاک میں ۲۶؍ ستمبر ۱۹۰۶ء کو بروز چار شنبہ موضع دو المیال ضلع جہلم سے مجھے ایک خط پہنچا ہے جس میں ایک بڑے نشان کا ذکر ہے اس خط کے کاتب حکیم کرم داد صاحب ہیں جو ضلع جہلم میں ایک معزز زمیندار ہیں اور موضع دو المیال ضلع جہلم تحصیل پنڈ دادن خان میں رہتے ہیں اُنہوں نے اس خط کے ساتھ ایک فقیر مرزا نام کا ایک اقرار نامہ بطور مباہلہ کے بھیجا ہے جس اقرار نامہ میں اُن کی ایک پیشگوئی میرے مرنے کی نسبت ہے جس پر گاؤں کے نمبرداروں وغیرہ کی بہت سی شہادتیں درج ہیں سو پہلے حکیم کرمداد صاحب کا خط لکھا جاتا ہے اور بعد میں فقیر مذکورکا خط جو اپنے تئیں ایک بزرگ ولی اللہ قرار دیتا ہے درج کیا جائے گا اور اخیر میں یہ ذکر ہے کہ فقیر صاحب کی وہ پیشگوئی کیونکر پوری ہوئی اور چونکہ اس واقعہ کو موضع دوالمیال کے تمام باشندے جانتے ہیں اس لئے ہر ایک کو اختیار ہے کہ اگر اس واقعہ پر اس کو پوری تسلی نہ ہو تو موضع دوالمیال میں جاکر ہر ایک شخص سے خدا تعالیٰ کی قسم دیکر دریافت کرے اور کسی کی مجال نہیں کہ مشہور شدہ واقعات کو چھپا سکے اب ہم ذیل میں حکیم کرمداد صاحب کا خط لکھتے ہیں اور بعد میں فقیر مرزا کا اقرار نامہ اور آخری نتیجہ اسؔ پیشگوئی کا درج کریں گے اور ہم خدائے قدیر و کریم کا شکر کرتے ہیں جو ہر میدان میں ہمیں فتح دیتا ہے۔
حکیم کرم داد صاحب کا خط
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمـٰنِ الرَّحِيمِ
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْم