کچھ تو باہر کی راہ سے آتے ہیں اور کچھ اندر کی راہ سے ۔ اور وہی مارا جاتا ہے جو اپنے مال کو محفوظ جگہ میں نہیں رکھتا ۔ اس زمانہ میں ایمانی مال کے بچانے کے لئے محفوظ جگہ یہ ہے کہ اسلام کی خوبیوں کا علم ہو ۔ اسلام کی قوت روحانی کا علم ہو ۔ اسلام کے زندہ معجزات کا علم ہو اور اس شخص کا علم ہو جو اسلامی بھیڑوں کے لئے بطور گلہ بان مقرر کیا جائے ۔ کیونکہ پرانا بھیڑیا اب تک زندہ ہے وہ مرا نہیں ہے ۔ وہ جس بھیڑ کو اُس کے چرانے والے سے دور دیکھے گا وہ ضرور اس کو لے جائے گا ۔ اے بند گانِ خدا !آپ لوگ جانتے ہیں کہ جب امساک باراں ہوتا ہے اور ایک مدت تک مینہ نہیں برستا تواس کا آخری نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ کوئیں بھی خشک ہونے شروع ہوجاتے ہیں ۔ پس جس طرح جسمانی طور پر آسمانی پانی بھی زمین کے پانیوں میں جوش پیدا کرتا ہے اِسی طرح روحانی طور پر جو آسمانی پانی ہے (یعنی خدا کی وحی )وہی سفلی عقلوں کو تازگی بخشتا ہے ۔ سو یہ زمانہ بھی اس روحانی پانی کا محتاج تھا ۔ میں اپنے دعویٰ کی نسبت اس قدر بیان کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ مَیں عین ضرورت کے وقت خدا کی طرف سے بھیجا گیا ہوں ۔ جبکہ اس زمانہ میں بہتوں نے یہود کا رنگ پکڑا۔ اور نہ صرف تقویٰ اور طہارت کو چھوڑا بلکہ ان یہود کی طرح جو حضرت عیسیٰ کے وقت میں تھے سچائی کے دشمن ہوگئے تب بالمقابل خدا نے میرانام مسیح رکھ دیا۔ نہ صرف یہ ہے کہ میں اس زمانہ کے لوگوں کو اپنی طرف بلاتا ہوں بلکہ خود زمانے نے مجھے بُلایا ہے ۔