یہ پنجاب ہے جس میں بفضلہ تعالیٰ دن بدن لوگ زیرک اور اہل فراست ہوتے جاتے ہیں۔ اور میں نے دیکھا ہے کہ انہی اوباشانہ جھوٹوں کی وجہ سے عقلمند لوگ آپ لوگوں سے بد اعتقاد ہوتے جاتے ہیں یہاں تک کہ اب اگرچہ خاص لوگ اہل علم و اہل جاہ و ثروت دس ہزار کے قریب ہماری جماعت میں موجود ہیں مگر عام تعداد تیس ہزار سے بھی زیادہ ہے اس کاکیا سبب ہے یہی تو ہے کہ آپ لوگ صرف ٹھٹھے ہنسی اور گالیوں سے کام نکالتے ہیں کوئیؔ راست روی کا پہلو اختیار نہیں کرتے۔ سیدھی بات تھی کہ آپ لوگ ملہم کہلاتے ہیں استجابت دعا کا بھی دعویٰ ہے چند پیشگوئیاں جو استجابت دعا پر بھی مشتمل ہوں بذریعہ اشتہار شائع کردیں اور اس طرف سے میں بھی شایع کردوں ایک برس سے زیادہ میعاد نہ ہو پھر اگرآپ لوگوں کی پیشگوئیاں سچی نکلیں تو ایک دم میں ہزارہا لوگ میری جماعت کے آپ کے ساتھ شامل ہو جائیں گے اور جھوٹے کا مُنہ کالا ہوجائے گا۔ کیا آپ اس درخواست کو قبول کرلیں گے؟ ممکن نہیں ۔ پس یہی وجہ ہے کہ حق کے طالب آپ لوگوں سے بیزار ہو تے جاتے ہیں۔ صرف گالیوں اور بے ثبوت افتراؤں سے کون مان لے گا۔ اب بھی میں نے آپ لوگوں پر رحم کرکے ایک اشتہار شایع کیاہے اور ایک اشتہار میری جماعت کی طرف سے شائع ہوا ہے مگر کیاممکن ہے کہ آپ لوگ اس تصفیہ کے لئے کسی مجمع میں حاضر ہو سکیں گے آپ لوگوں کی نیت بخیر نہیں۔ منہ سے گالیاں دینا تحقیر کرنا کافر اور دجال کہنا *** بھیجنا جھوٹ بولنا اور جھوٹی فتح کا اظہار کرناکیا اس سے کوئی فتح حاصل ہوسکتی ہے بلکہ ہمیشہ نبی اور راستباز شریر لوگوں سے ایسے ہی الفاظ سنتے رہے ہیں۔ اگر خدا پر بھروسہ ہے کہ وہ تمہارے ساتھ ہے تو اس کی طرف سے کوئی پیشگوئی شایع کرو اور بالمقابل ہم سے دیکھ لو ورنہ مردہ کی طرح پڑے رہو