شریر کو اِس نکتہ چینی میں بھی ذلیل اور رسوا کرے اور مولوی صاحب کو نعم البدل لڑکا عطا فرمائے سو اس وقت کہ میں نے اس نااہل کاجواب لکھا اور دعا سے فارغ ہوا فی الفور مجھ پر نیند غالب ہوگئی اور خواب میں مَیں نے دیکھا کہ مولوی صاحب موصوف کی گود میں ایک لڑکا کھیلتا ہے جو اُنہی کا ہے اور پچھلے بچوں کی نسبت رنگ اور طاقت میں اس قدر فرق رکھتا ہے کہ میں نے گمان کیا کہ شاید کسی اور بیوی سے یہ لڑکا ہے اور اُسی وقت اِس خواب کی تائید میں مجھے الہام بھی ہواکہ لڑکا پیدا ہوگا۔ پھر پانچ سال بعد اِس پیشگوئی کے مطابق مولوی صاحب موصوف کے گھر میں صاحبزادہ پیدا ہوا۔ جس کا نام عبد الحی رکھا گیا تا خدا تعالیٰ ایسے دشمنِ دین کو شرمندہ کرے جس نے پادریوں کا حامی بن کر اسلام پر حملہ کیا۔ یہ وہ پیشگوئی ہے جو اس لڑکے کے تولّد سے پانچ سال پہلے تمام ملک میں بذریعہ رسالہ انوار الاسلام شائع کی گئی تھی۔ دیکھو انوار الاسلام صفحہ ۲۶ حاشیہ در حاشیہ۔ اور یہ رسالہ پانچ ہزار چھپواکر لاکھوں انسانوں میں شائع کیا گیا ۔ دیکھو یہ وہ نشان ہیں جن کو ایک دنیا نے بچشم خود دیکھ لیا اور فوق العادت عظمت سے بھرے ہوئے ہیں۔
۲۱ مجھے خدا تعالیٰ نے خبردی کہ میں تجھے ایک اور لڑکا دوں گا اوریہ وہی چوتھا لڑکا ہے جو اب پیدا ہوا جس کا نام مبارک احمد رکھا گیا اور اس کے پیدا ہونے کی خبر قریباً دو برس پہلے مجھے دی گئی۔ اور پھر اس وقت دی گئی کہ جب اس کے پیدا ہونے میں قریباً دو مہینے باقی رہتے تھے۔ اور پھر جب یہ پیدا ہونے کو تھایہ الہام انّی اسقط من اللّٰہ واصیبہ۔ یعنی میں خدا کے ہاتھ سے زمین پر گرتا ہوں اور خدا ہی کی طرف جاؤں گا۔ میں نے اپنے اجتہاد سے اِس کی یہ تاویل کی کہ یہ لڑکا نیک ہوگا اور روبخدا ہوگا۔ اور خدا کی طرف اس کی حرکت ہوگی اوریا یہ کہ جلد فوت ہو جائے گا۔