اپنی روبکار فی الفور چاک کردی اور نئے سرے روبکار لکھ کر آپ کی ڈگری مع خرچہ کے کی *۔ یہ وہ پیشگوئی ہے جس کا گواہ نہ شرمپت بلکہ اور کئی گواہ ہیں جو زندہ ہیں اور حلفاً بیان کرسکتے ہیں۔ لیکن حلف اسی مضمون کی ہوگی جس کا نمونہ نمبر ۲ میں ذکر ہوچکا ہے۔ اور یہ پیشگوئی عرصہ بیس برس سے کتاب براہین احمدیہ کے صفحہ ۵۵۱ میں درج ہوکرایک دنیا میں شہرت پاچکی ہے۔ ۱۵ ایک مرتبہ میں سخت بیمار ہوا یہاں تک کہ تین مختلف وقتوں میں میرے وارثوں نے میرا آخری وقت سمجھ کر مسنون طریقہ پر مجھے تین مرتبہ سورہ یٰسین سنائی۔ جب تیسری مرتبہ سورہ یٰسین سنائی گئی تو میں دیکھتاتھا کہ بعض عزیز میرے جو اب وہ دنیا سے گذر بھی گئے دیواروں کے پیچھے بے اختیار روتے تھے۔ اور مجھے ایک قسم کا سخت قولنج تھا۔ اور بار بار دمبدم حاجت ہوکر خون آتا تھا۔ سولہ ۱۶ دن برابر ایسی حالت رہی۔ اور اسی بیماری میں میرے ساتھ ایک اور شخص بیمار ہوا تھا وہ آٹھویں دن راہی ملک بقا ہوگیا۔ حالانکہ اُس کے مرض کی شدت ایسی نہ تھی جیسی میری ۔ جب بیماری کو سولھواں دن چڑھا تو اُس دن بکلّی حالاتِ یاس ظاہر ہوکر تیسری مرتبہ مجھے سورہ یٰسین سنائی گئی۔ اور تمام عزیزوں کے دِل میں یہ پختہ یقین تھا کہ آج شام تک یہ قبر میں ہوگا۔ تب ایسا ہوا کہ جس طرح خدا تعالیٰ نے مصائب سے نجات پانے کے لئے بعض اپنے نبیوں کو دعائیں سکھلائی تھیں مجھے بھی خدا نے الہام کرکے ایک دعا سکھلائی او ر وہ یہ ہے۔ سبحان اللّٰہ وبحمدہ سبحان اللّٰہ العظیم اللّٰھم صلّ علٰی محمّد وآل محمّد۔ اور میرے * ان زمینداری تعلقات سے جو ابتدائی زندگی سے میرے ساتھ رہے کوئی تعجب نہ کرے کیونکہ احادیث نبویہ پر غور کرنے سے بصراحت معلوم ہوگا کہ وہ مسیح موعود حارث کہلائے گا یعنی زمیندار اور زمینداری کے خاندان سے ہوگا۔ منہ