تین لولے ۔ لنگڑے وغیرہ میر ے سامنے کھڑے کر دئے کہ ان کو چنگے کرو۔ حالانکہ ان کا چنگا کرنا عیسائی ایمان کی علامتوں میں سے ہے ۔ ہمارے لئے تو وہ علامتیں ہیں جو قرآن شریف میں آچکی ہیں اور ہمیں کہیں نہیں کہا گیا کہ تم اپنے اقتدار سے علامتیں دکھا سکتے ہوبلکہ یہی کہا گیا کہ خدا تعالیٰ سے درخواست کرو ۔ پھر جس طرح کا نشان چاہے گا دکھلائے گا تو کیا آپ کی یہ بے انصافی نہیں کہ آپ نے مجھ سے وہ مطالبہ کیا جو آپ سے ہونا چاہیئے تھا اور پھر اس کا نام فتح رکھ لیا ۔ مَیں تو اب بھی حاضر ہوں ان شرائط کے مطابق جو ہماری کتاب ہم پر فرض کرتی ہے اور نیز آپ ان شرائط کے مطابق جو آپ کی کتاب آپ پر فرض کرتی ہے میرے سے نشانوں میں مقابلہ کیجئے پھر حق اور باطل خود بخود کھل جائے گا۔ پر ہنسی اور ٹھٹھا کرنا راستبازوں کا کام نہیں ہوتا ہے میرے پر اسی قدر فرض ہے جو قرآن کریم میرے پر فر ض کرتا ہے اور آپ پر وہ فرض ہے جو انجیل آپ پر فرض کرتی ہے رائی کے دانہ کا مقولہ آپ بار بار پڑھیں اور پھر آپ ہی انصاف کر لیں اور یہ رحم بلا مبادلہ کا سوال جو مجھ سے کیا گیا ہے اس کے جواب کا اور بھی حصہ باقی ہے جو پھر میں آپ کے جواب پانے کے بعد بیان کروں گا ۔ مگر آپ پر لازم ہے کہ اول اس سوال کو انجیل سے بموجب شرط قرار یافتہ کے ثابت کر کے مدلل طور پر پیش کریں کیونکہ جو بات انجیل میں نہیں وہ آپ کی طرف سے پیش ہونے کے لائق نہیں۔ میرے خیال میں اس سوال کے رد کرنے کے لئے انجیل ہی کافی ہے اور حضرت مسیحؑ کے اقوال اس کے استیصال کے لئے کفایت کرتے ہیں۔ آپ براہ مہربانی اس التزام سے جو اب الجواب دیں کہ لکھنے کے وقت انجیل کا حوالہ ساتھ ہو تاکہ ناظرین کو پتا لگے کہ انجیل کیا کہتی ہے اور اس سوال کا ذریعہ انجیل بنتی ہے یا دستبردار ہے۔ دستخط بحروف انگریزی دستخط بحروف انگریزی غلام قادر فصیح ؔ پریذیڈنٹ ہنری مارٹن کلارک پریذیڈنٹ از جانب اہلِ اسلام از جانب عیسائی صاحبان