تیسراؔ پرچہ مباحثہ ۲۴۔ مئی ۱۸۹۳ ؁ء روئداد آج سولہ منٹ اوپر چھ بجے مسٹر عبداللہ آتھم صاحب نے اپنا جواب لکھانا شروع کیا اور سولہ منٹ اوپر سات بجے ختم ہوا اور بلند آواز سے سنایا گیا۔ مرزا صاحب نے سات بجے پچاس منٹ اوپر جواب لکھانا شروع کیا اور آٹھ بجے چھیالیس منٹ پر ختم کیا اور پھر بلند آواز سے سنا دیاگیا۔ ڈپٹی عبد اللہ آتھم صاحب نے نو بجے پچیس منٹ پر شروع کیا اور دس بجے پچیس منٹ پر ختم کیا اور بلند آواز سے سنایا گیا۔ بعدازاں تحریروں پر میر مجلس صاحبان کے دستخط کئے گئے اور مصدقہ تحریریں فریقین کو دی گئیں۔ بعد ازاں چند ایک تجاویز صورت مباحثہ کے تبدیل کرنے کے متعلق پیش ہوئیں مگر سابقہ صورت ہی بحال رہی۔ اس کے بعد جلسہ برخاست ہوا۔ دستخط دستخط بحروف انگریزی بحروف انگریزی ہنری مارٹن کلارک پریزیڈنٹ ازجانب عیسائی صاحبان غلام قادر فصیح پریزیڈنٹ ازجانب اہل اسلام مورخہ ۲۴۔ مئی ۱۸۹۳ ؁ء ازجانب ڈپٹی عبداللہ آتھم صاحب اول میں خوش ہوا یہ سن کر کہ پیدائش آدم و حوّ ا میں دلیل استقراء نہیں لگ سکتی جس کا نتیجہ یہ ہے کہ قاعدہ عامہ میں استثنا جائز ہے۔