نوٹ از مرتب: مکتوب دو صفحات کا ہے۔ اس سے قبل اسی مضمون کا خط حضرت حکیم مولوی فضل الدین صاحب بھیروی نے حضور کے ارشاد سے تحریر کیا۔ معلوم ہوتا ہے اُنہوں نے حضور کی خدمت میں ملاحظہ کے لئے پیش کیا ہوگا۔ تب حضور نے تاکید کی خاطر تفصیلاً مکتوب ہذا حکیم صاحب کے خط کی پشت پر نیز اگلے صفحہ پر تحریر فرمایا۔ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم نَحْمَدُٗہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْم ۸ ۷۱ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سردار محمد علیؓ خان صاحب رئیس مالیر کوٹلہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ عنایت نامہ مع روبکار پہنچا۔ میرے نزدیک چونکہ آپ کے تعلقات ریاست (سے٭) ہیں۔ پس کئی مصالح کی وجہ سے ایسے موقعہ پر آپ کا وہاں ہونا ضروری ہے لہٰذا اس جگہ آنا مناسب نہیں۔ چراغوں کا مساجد اور اپنے گھروں اور کوچوں اور نشست گاہوں میں روشن کرنا اور خیرات کرنا اور جلسہ میں شامل ہو کر شکر اور دعا کرنا یہ سب امور ایک محسن گورنمنٹ کے لئے جائز ہیں۔ مگر میں چونکہ اس جگہ اپنی جماعت کی طرف سے اِس نئی جماعت کے حالات کو گورنمنٹ پر ظاہر کرنے کیلئے اس موقعہ پر کوشش کرنا چاہتا ہوں اس لئے بہتر ہوگا کہ آپ ایک نقل اُس جگہ کی اپنی کارروائی کی ضرور میرے پاس بھیج دیں تا اس جگہ سے جو تحریر بھیجی جائے گی موقعہ مناسب پر اُس کا تذکرہ ہو سکے گا۔ زیادہ خیریت ہے۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد ۱۶؍ جون ۱۸۹۷ء نوٹ از مرتب: مکتوب ہذا ملکہ وکٹوریہ کی جوبلی کے تعلق میں ہے۔ نواب صاحب کی تحریر مالیر کوٹلہ میں اس ساٹھ سالہ جوبلی کے (جون ۱۸۹۷ء میں منائے جانے کے متعلق حضور نے اشتہار جلسہ احباب میں شائع فرما دی تھی۔ ٭ خطوط واحدانی والا لفظ خاکسار مرتب کی طرف سے۔