تعارفی نوٹ جماعت کپور تھلہ کے وہ بزرگ (جو جماعت مذکورہ کے بانیوں میں سے تھے اور جنہوں نے اپنے عشق و وفا کا عملی ثبوت دیا کہ خدا کے برگزیدہ مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے انہیں جنت میں اپنے ساتھ ہونے کاوعدہ دیا۔ گویا وہ لوگ تھے جو وعشرہ مبشرہ کے نمونہ کے تھے) ان کا تذکرہ تو سیرۃ صحابہ میں انشاء اللہ ہوگا اورکسی قدر ہر ایک بزرگ کے متعلق الحکم میں مختلف اوقات میں لکھا بھی گیا ہے یہاں صرف ان مکتوبات کا اندراج مقصود ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے ان مخلصین وصادقین کو لکھے۔ میری تحقیقات میں کپور تھلہ کی جماعت کے آدم حضرت منشی ظفر احمد صاحب رضی اللہ عنہ تھے اور ان کے اخلاص اور عملی زندگی نے دوسروں کو شیدائے مسیح موعود کردیا اور پھر یہ کہنا مشکل ہو گیا کہ کون پہلے ہے اور کون پیچھے۔ ہرایک اپنے رنگ میں بے نظیر اور واجب التقلید تھا اللہ تعالیٰ ان سب پر رحم وکرم کے بادل برسائے اور جنت الفردوس میں اعلٰی مقامات دے اور ہمیں ان کی عملی زندگی کی توفیق۔ جماعت کپور تھلہ کے مخلصین کے نام مکتوبات بہت کم ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ عشق ومحبت کے یہ پروانے ذرا فرصت پاتے تو قادیان پہنچ جاتے اور خط وکتابت کی نوبت ہی نہ آتی جہاں حضرت جاتے یہ ساتھ جاتے تاہم جو تبرکات ان سے حاصل ہوئے وہ درج ذیل ہیں۔ (عرفانی کبیر)