نوٹ۔ اس مکتوب پر تاریخ درج نہیں ہے۔ مگر مضمون سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ستمبر ۱۸۸۸ء کا خط ہے اور مکتوب نمبر ۱۳۹ سے پہلے چاہئے تھا۔(عرفانی) (۱۴۶) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی اخویم۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کارڈ پہنچا۔ انشاء اللہ القدیر دعا کرتا رہوںگا۔ اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ رکھیں۔ وہ بڑا رحیم و کریم ہے۔ اس کے رحم و کرم کا کچھ انتہا نہیں۔ استغفار لازم حال رکھیں۔ شرائط بیعت پھر کسی وقت روانہ کروں گا اور سب طرح سے بفضلہ تعالیٰ خیریت ہے۔ والسلام خاکسار غلام احمداز قادیان ۷؍ جنوری ۱۸۸۹ء (۱۴۷) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آج تاکیدی خط آپ کے لئے مولوی حکیم نورالدین صاحب کی خدمت میں لکھا گیا ہے۔ خدا تعالیٰ آپ کے ترودات دور کرے۔ آمین۔ امید کہ سبز اشتہار بعد میں نکال کر اگر ملے تو خدمت میں مرسل کروں گا۔ زیادہ خیریت ہے۔ والسلام خاکسار غلام احمد از قادیان ۷؍ جنوری ۱۸۸۹ء (۱۴۸) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ۵ جمادی الاوّل کو میرے گھر میں لڑکا پیدا ہو ا۔