مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آج کی ڈاک میں غلام محی الدین صاحب نے آپ کی طرف سے مبلغ پچاس … روپیہ اور بھیجے ہیں۔ جزاکم اللہ خیرا لجزاء۔ ابھی وہ دس روپیہ نہیں آئے۔ اس نازک وقت میں آپ کی طرف سے مجھے وہ مدد پہنچی ہے کہ بجز دعا کے اورکچھ بیان نہیں کرسکتا۔ مجھے بباعث شدت رمد اور درد چشم اور پانی جاری ہونے کی طاقت نہ تھی کہ کاغذ کی طرف نظر بھی کر سکوں۔ مگر بہر حال صورت اپنے پر جبر کر کے یہ چند سطریں لکھی ہیں۔ کل کا اندیشہ ہے۔ خاص کر کچہری کے دن کا کہ اللہ تعالیٰ آنکھوں کا درد اور بند رہنے سے بچاوے۔ نہایت خوف ہے۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۲۵؍ جنوری ۱۸۹۹ء اس سے پہلے آج ہی ایک خط صبح روانہ کر چکا ہوں۔ (۲۶۳) ملفوف بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی اخویم منشی صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ کل کی ڈاک میں مبلغ ۹۹… مرسلہ آپ کے بذریعہ منی آرڈر پہنچے تھے۔ جزاکم اللہ خیرالجزاء۔ آپ ہر ایک موقعہ پر اپنی مخلصانہ خدمات کا رضا مندی اللہ جلشانہ کے لئے ثبوت دیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزاء خیر بخشے۔ آمین۔ کل میں مقدمہ پر جائوں گا۔ میری آنکھ اس وقت دکھتی ہے کہ اللہ تعالیٰ رحم فرمائے۔ …درد ناک حالت میں آپ کوخط لکھا ہے۔ تا آپ کو اطلاع دے دوں۔ بباعث شدت درد آنکھ زیادہ لکھنے کی طاقت نہیں ۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۲۵؍ جنوری ۱۸۹۹ء