باقی ابھی تک کوئی تازہ خبر نہیں۔
والسلام
خاکسار
غلام احمد از قادیان
۲؍اگست ۱۸۹۴ء
یہ روغن آپ کے چندہ میں جو آئندہ دیں گے ۔ محسوب ہوجائے گا۔
(۲۱۷) ملفوف
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
عنایت نامہ معہ کارڈ پہنچا۔ اب تو صرف چند روز پیشگوئی میں رہ گئے ہیں۔ دعا کرتے رہیں کے اللہ تعالیٰ اپنے بند وں کا امتحان سے بچاوے۔ شخص معلوم فیروز پور میں ہے اور تندرست اور فربہ ہے۔ خداتعالیٰ اپنے ضعیف بند وں کو ابتلا سے بچاوے۔ آمین ثم آمین۔ باقی خیریت ہے مولوی صاحب کو بھی لکھیں کہ اس دعا میں شریک رہیں۔
والسلام خاکسار غلام احمد ازقادیان ۲۲؍اگست ۱۸۹۴ء
نوٹ:۔ یہ آتھم کی پیشگوئی کے متعلق ہے۔ حضرت اقدس کا ایمان خداتعالیٰ کی بے نیازی اور استغنار ذاتی پر قابل رشک ہے۔ آپ کو مخلوق کے ابتلا ء کا خیال ہے(عرفانی)
(۲۱۸) ملفوف
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مکرمی اخویم ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
آتھم کی نسبت جو فیصلہ الٰہی ہے۔ حقیقت میں فتح اسلام ہے۔ جب اشتہار پہنچے گاتو آپ معلوم کرلیں گے کہ کیا حقیقت ہے مگر آپ کی ستقامت اور استقلالی پر نہایت خوشی ہوئی۔ خداتعالیٰ بہت بہت جزائے خیر بخشے۔ انشاء اللہ تجدید بیعت کا آپ ک دوہرا ثواب ہوگا اور اللہ تعالیٰ گناہ بخشے گا