(۲۱۴) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ محبت نامہ پہنچا۔ یہ عاجز بباعث کثرت کار بیشک سخت معذور ہے۔ اب چند روز تک بالکل فرصت ہونے والی ہے۔ کتابیں چھپ گئیں ہیں۔ اب جز بندی باقی ہے۔ امید کہ ہفتہ عشرہ تک جز بند ی ہوکر میرے پاس پہنچ جائیں گی۔ زیادہ خیریت ہے۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۱۶؍جون ۱۸۹۴ء (۲۱۵) ملفوف بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مبلغ پچاس روپیہ مرسلہ آپ کے پہنچ گئے۔ جزاکم اللہ خیراً۔ صاحبزادہ صاحب کتابیں روانہ کریں گے۔ بہت کم فرصتی میں چند سطریں لکھی گئی ہیں۔ باقی سب خیریت ہے ۔ والسلام خاکسار غلام احمد ۶؍جولائی ۱۸۹۴ء (۲۱۶) ملفوف بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ اس جگہ بباعث نہ پیدا ہونے روغن کے نہایت تکلیف ہورہی ہے۔ چربی دار اور خراب روغن ملتے ہیں۔ آپ کی بڑی مہربانی ہوگی اگر آپ ایک من پختہ روغن بذریعہ ریل بھیج دیں۔