سے لکھتا ہوں کہ درحقیقت بباعث بیماری مجھ سے تحریر جوابات میں کوتاہی ہوئی اوراب بھی پوری تندرستی نہیں ہوئی۔ اسی وجہ سے زیادہ لکھنے سے سخت مجبور ہوں۔ اگر چند سطریں بھی لکھوں تو سر گھوم جاتا ہے۔ ضعف بہت ہے۔ باقی سب خیریت ہے۔
والسلام
خاکسار
غلام احمداز قادیان
ضلع گورداسپورہ
۲۸؍ نومبر ۱۸۸۹ء
(۱۷۱) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مکرمی اخویم۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
عنایت نامہ پہنچا اور نہایت خوشی ہوئی۔ خداتعالیٰ آپ کو مکروہات سے بچاوے۔ انشاء اللہ القدیر آپ کے لئے بجدوجہد دعا کروں گا۔ اپنے حالات سے مطلع فرماتے رہیں اور استغفار میں بہت مشغول رہیں کہ اس میں دفع بلا ہے۔ زیادہ خیریت ہے۔
والسلام خاکسار غلام احمداز قادیان ۷؍ دسمبر ۱۸۸۹ء
(۱۷۲) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مشفقی مکرمی اخویم۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
انشاء اللہ القدیر دعا کروں گا۔ مگر اس طرح پر جو کچھ آپ کے دنیا اوردین کے لئے فی الحقیقت بہتر ہے۔ وہ بات آپ کو میسر آوے۔ کیونکہ خبر نہیں کہ خیر کس کام میں ہے۔ ہمیشہ حالات خیریت آیات سے مطلع فرماتے رہیں۔
والسلام خاکسار غلام احمدعفی عنہ ۱۸؍ دسمبر ۱۸۸۹ء