فرماویں۔ فقط۔ خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور ۷؍ اگست ۱۸۸۷ء اور چوہدری محمد بخش صاحب کوبھی اطلاع کر دیں۔ سب کاسلام۔ والسلام نوٹ۔ اس مکتوب میں بشیر اوّل واللہم جعلہ فرطاً کی پیدائش کی آپ نے بشارت دی ہے چونکہ ایک مولود کے متعلق خد اتعالیٰ کی ایک عظیم الشان بشارت برنگ پیشگوئی ہوئی تھی بشیراوّل کے پید اہونے پر حضرت اقدس کا خیال اسی طرف گیا کہ شاید یہی وہ مولود موعود ہو اس کے عقیقہ پر آپ نے بہت سے دوستوں کو دعوت دی تھی او ریہ عقیقہ خدا تعالیٰ کے نشان کے پورا ہونے پر اظہار مسرت و شکر گزاری کا ایک بہترین نمونہ تھا۔ اس کے متعلق تفصیل آپ کے سوانخ حیات میں ہو گی۔ انشاء اللہ العزیز۔ (عرفانی) (۷۶)پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم ۔ نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ بعدا لسلام علیکم ۔ دو شطرنجی کلاں اگردو روز کے لئے بطور مستعار مل سکیں توضرور بندوبست کر کے ساتھ لاویں اور پھر ساتھ ہی لے جاویں او رجمعہ تک یعنی جمعہ کی شام تک ضرور تشریف لے آویں۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۱۰؍ اگست ۱۸۸۷ء (۷۷) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم ۔ نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مخدومی مکرمی اخویم منشی۔ رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ میں ایک آپ کو نہایت ضروری تکلیف دیتا ہوں۔ امید ہے کہ آپ کے جدوجہد سے یہ کام بھی انجام پذیر ہو جائے گا اور وہ یہ ہے کہ دو روز کے لئے ایک سائبان درکار ہے جوبڑا سائبان ہوخیمہ کی طرح جس کے اندر آرام پاسکیں۔ اگر سائبان نہ ہو تو خیمہ ہی ہو۔ ضرور کسی رئیس سے لے کر ساتھ لاویں۔