فرصت نکال کر ملاقات کریں۔ ایک اور تکلیف دیتا ہوں اگر ممکن ہو سکے تو اس کے لئے سعی کریں۔ آج کل ماہ رمضان بباعث مہمانداری و مصارف خانگی میں روغن زرد یعنی گھی کی بہت ضرورت در پیش ہے اور اتفاق ایسا ہوا کہ گھی جو جمع تھا سب خرچ ہو گیا اور اردگرد تمام تلاش کیا گیا اچھا گھی ملتا نہیں آخر چھ سات دن کے بعد ہمارا معتبر میاں فتح خاں واپس آیا۔ اگر پانچ روپیہ کا گھی عمدہ کسی گائوں سے مل سکے تو میرے حساب میں ضرور خرید کر ضرور ساتھ لاویں اور وہ دوسری چیزیں بھی جو میں نے لکھی تھیں۔بخدمت چوہدری صاحب کو سلام مسنون۔ خاکسار غلام احمداز قادیان ۳۰؍ مئی ۱۸۸۷ء (۷۰) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم ۔ نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مکرمی۔ بعد السلام علیکم۔ اس وقت میں انبالی چھائونی کی طرف روانہ ہوتا ہوں۔ کیونکہ میر ناصر صاحب لکھتے ہیں کہ میرے گھر کے لوگ سخت بیمار ہیں۔ زندگی سے ناامید ہے۔ ان کی لڑکی کی اپنی والدہ سے ایسے وقت میں ملاقات ہونی چاہئے۔ سو میں آج لے کر اسی وقت روانہ ہوتا ہوں۔ والسلام خاکسار غلام احمداز قادیان ۱۹؍ جون ۱۸۸۷ء (۷۱) پوسٹ کارڈ مکرمی اخویم۔ بعد السلام علیکم۔ آم پہنچ گئے۔ اگر دوسری دفعہ ارادہ ارسال ہو تو دو امر کا لحاظ رکھیں۔ ایک تو آم کسی قدر کچے ہوں دوسرے ایسے ہوں جن میں صوف ہو اور جن کا شیرہ پتلا ہو۔ میںنے سندر داس کی شفا اور نیز ہدایت کے لئے دعا کی ہے۔ اطلاعاً لکھا گیا۔ خاکسار والسلام غلام احمد از قادیان ۱۶؍ جولائی ۸۷ء