خط پہنچ گیا۔ میں آپ کے لئے اکثر دعا کرتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ ان دعائوںکے اثر خواہ جلدی خواہ دیر سے ہوں۔ خواب کے اوّل اجز تو کچھ متوحش ہیں مگر آخری اجزاایسے عمدہ ہیں جن سے سب تو حش دور ہو گیا ہے۔ خواب میں پارچات کو صاف کرنا استقامت اور نجات ازہم و غم اور توبہ خالص پر دلالت کرتا ہے غرض انجام اس کابہت اچھا ہے۔ فالحمد للہ۔ رسالہ کے چھپنے میں اب یہ توقف ہے کہ مالک مطبع اجرت ……مانگتا ہے مگر لاہور سے دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ اجرت صرف ……روپیہ ہے۔ سو امید ہے کہ دو چار روز تک بات قائم ہو کر مطبع میں اس جگہ آجائے گا یا کوئی اور مطبع لانا پڑے گا۔ زیادہ خیریت ہے۔ اخویم چوہدری محمد بخش صاحب کو سلام مسنون پہنچے۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۱۵؍ اپریل ۱۸۸۶ء (۳۱) پوسٹ کارڈ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ‘ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم مخدومی مکرمی اخویم سلمہ تعالیٰ۔ عنایت نامہ پہنچا۔ کام رسالہ کا تین چار روز تک شروع ہونے والا ہے۔ اسی باعث سے اس عاجز کواس قدر کم فرصتی ہے کہ بیان سے باہر ہے۔ حافظ نور محمد کے فرزند کے لئے بعد پڑھنے خط کے دعا کی گئی۔ اللہ جلشانہ رحم فرمائے آمین۔ اس وقت بباعث ورد سرو علالت طبع طبیعت قائم نہیں۔ اس لئے اسی کفایت کی گئی۔ آپ دعا کرتے رہیں۔ بخدمت چوہدری محمد بخش صاحب سلام مسنون۔ والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۱۱؍ اپریل ۱۸۸۶ء