اے شک کرنے والو!
آسمانی فیصلہ کی طرف آجاؤ
اے بزرگو! اے مولویو! اے قوم کے منتخب لوگو! خدا تعالیٰ آپ لوگوں کی آنکھیں کھولے غیظ اور غضب میں آکرحد سے مت بڑھو۔میری اس کتاب کے دونوں حِصّوں کو غور سے پڑھو کہ ان میں نور اور ہدایت ہے۔خدائے تعالیٰ سے ڈرو اور اپنی زبانوں کوتکفیر سے تھام لو۔ خدائے تعالیٰ خوب جانتا ہے کہ میں ایک مسلمان ہوں۔اٰمَنْتُ بِاللّٰہِ و ملٰئکتِہٖ و کُتُبہٖ ورُسُلِہٖ والبعث بعدالموت واشھد ان لَّااِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شریک لہ واشھد ان محمّدًاعبدہٗ ورسولہ فاتقوا اللہ ولا تقولوا لست مُسلما واتقواالملک الذی الیہ ترجعون۔
اور اگر اب بھی اس کتاب کے پڑھنے کے بعد شک ہے تو آؤآزمالو خداکس کے ساتھ ہے۔ اے میرے مخالف الرائے مولویواور صوفیو!اور سجادہ نشینو!!! جو مُکَفِّر اور مُکَذِّب ہو مجھے یقین دلایا گیا ہے کہ اگر آپ لوگ مل جل کر یا ایک ایک آپ میں سے اُن آسمانی نشانوں میں میرا مقابلہ کرنا چاہیں جو ؔ اولیاء الرحمٰن کے لازم حال ہوا کرتے ہیں تو خدائے تعالیٰ تمہیں شرمندہ کرے گااور تمہارے پردوں کو پھاڑ دے گا اور اس وقت تم دیکھو گے کہ وہ میرے ساتھ ہے۔ کیا کوئی تم میں ہے؟ کہ اس آز مائش کے لئے میدان میں آوے اور عام اعلان اخباروں کے ذریعہ سے دے کر ان تعلقات قبولیت میں جو میرا رب میرے ساتھ رکھتا ہے اپنے تعلقات کا موازنہ کرے یاد رکھو کہ خداصادقوں کا مددگار ہے وہ اسی کی مدد کرے گا جس کو وہ سچا جانتا ہے چالاکیوں سے باز آجاؤکہ وہ نزدیک ہے۔ کیا تم اس سے لڑو گے؟ کیا کوئی متکبرانہ اچھلنے سے درحقیقت اونچا ہو سکتا ہے کیا صرف زبان کی تیزیوں سے سچائی کو کاٹ دو گے اس ذات سے ڈرو جس کا غضب سب غضبوں سے بڑھ کر ہے
اِنَّهٗ مَنْ يَّاْتِ رَبَّهٗ مُجْرِمًا فَاِنَّ لَهٗ جَهَـنَّمَۚ لَا يَمُوْتُ فِيْهَا وَ لَا يَحْيٰى ۱
النَّاصح
خاکسار غلام احمدقادیانی ازلودیانہ محلہ اقبال گنج
۷۵: طٰہٰ: ۱