خُلق کی اصلاح ممکن ہے
یہ سچ ہے کہ سب انسان ایک مزاج کے نہیں ہوتے۔اسی لیے قرآن شریف میں آیا ہے
کل یعمل علی شا کلتہ (بنی اسرائیل : ۸۵)
بعض آدمی ایک قسم کے اخلاق میں اگر عمدہ ہیں، تو دوسری قسم میں کمزور ۔اگر ایک خلق کا رنگ اچھا ہے تو دوسرے کا برا ۔لیکن تا ہم اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ اصلاح ناممکن ہے۔
خُلٰق سے ہماری مراد شیریں کلامی ہی نہیں بلکہ خَلق اور خُلق دو الفاظ ہیں۔آنکھ، کان،ناک وغیرہ جس قدر اعضاء ظاہری ہیں جن سے انسان کو حسین وغیرہ کہا جاتا ہے۔یہ سب خلق کہلاتے ہیں ارو اس کے مقابل پر باطنی قویٰ کا نام خُلق ہے۔مثلاً عقل، فہم، شجاعت،عفت، صبر وغیرہ اس قسم کے جس قدر قویٰ سرشت میں ہوتے ہیں وہ سب اسی میں داخل ہیں اور خُلق کو خَلق پر اس لیے ترجیح ہے کہ خَلق یعنی ظاہری جسمانی اعضاء میں اگر کسی قسم کا نقص ہو تو وہ ناقابل علاج ہوتا ہے۔مثلاً ہاتھ اگر چھوٹا پیدا ہوا ہے تو اس کو بڑا نہیں کر سکتا،لیکن خُلق میں اگر کوئی کمی بیشی ہو تو اس کی اصلاح ہو سکتی ہے۔
ذکر کرتے ہیں کہ افلاطون کو علم فراست میں بہت دخل تھا اور اس نے دروازہ پر ایک دربان مقرر کیا ہوا تھا۔جسے حکم تھا کہ جب کوئی شخص ملاقات کو آوے،تو اول اس کا حلیہ بیان کرو۔اس حلیہ کے ذریعے وہ اس کے اخلاق کا احال معلوم کر کے پھر اگر قابل ملاقات سمجھتا تو ملاقات کرتا؛ورنہ ردّ کردیتا۔ایک دفعہ ایک شخص اس کی ملاقات کو آیا۔دربان نے اطلاع دی۔اس کے نقوش کا حال سنکر افلاطون نے ملاقات سے انکار کر دیا۔اس پر اس شخص نے کہلا بھیجا کہ افلاطون سے کہدو کہ جو کچھ تم نے سمجھا ہے۔بالکل درست ہے۔مگر میں نے قوت مجاہدہ سے اپنے اخلاق کی اصلاح کرلی ہے۔اس پر افلاطون نے ملاقات کی اجازت دیدی۔پس خُلق ایسی شئے ہے جس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔اگر تبدیلی نہ ہوسکتی تو یہ ظلم تھا،لیکن دعا اور عمل سے کام لو گے،تب اس تبدیلی پر قادر ہو سکو گے۔عمل اس طرح سے کوئی شخص ممسک ہے تووہ قدرے قدرے خرچ کرنے کی عادت ڈالے اور نفس پر جبر کرے۔آخر کچھ عرصہ کے بعد نفس میں ایک تغیر عظیم دیکھ لے گا اور اس کی عادت امساک کی دور ہو جاوے گی۔اخلاق کی کمزوری بھی ایک دیوار ہے جو خد ااور بندے کے درمیان حائل ہو جاتی ہے۔
وحدتِ جمہوری
اﷲ تعالیٰ کا یہ منشاء ہے کہ تمام انسانوں کو ایک نفسِ واحد کی طرح بناوے۔اس کا نام وحدتِ جمہوری ہے جس سے بہت سے انسان بحالتِ مجموعی ایک انسان کے حک میں سمجھا جاتا ہے۔مذہب سے بھی یہی منشاء ہوتا ہے کہ تسبیح کے دانوں کی طرح وحدتِ جمہوری کے ایک دھاگہ میں سب پروئے جائیں ۔یہ نمازیں