اس خدا کو جانتے نہیں ۔ اب دیکھو کہ باوجودیکہ خدا کی تعلیم کی رو سے بُت کچھ چیز نہیں ہیں مگر پھر بھی خدامسلمانوں کو یہ اخلاق سکھلاتا ہے کہ بتوں کی بدگوئی سے بھی اپنی زبان بند رکھو اور صرف نرمی سے سمجھاؤ ۔ ایسا نہ ہو کہ وہ لوگ مشتعل ہو کر خدا کو گالیاں نکالیں اور ان گالیوں کے تم باعث ٹھہر جاؤ ۔ پس ان لوگوں کا کیا حال ہے جو اسلام کے اس عظیم الشان نبی کو گالیاں دیتے اور توہین کے الفاظ سے اس کو یاد کرتے اور وحشیانہ طریقوں سے اس کی عزت اور چال چلن پر حملہ کرتے ہیں۔ وہ بزرگ نبی جس کانام لینے سے اسلام کے عظیم الشان بادشاہ تخت سے اُترتے ہیں اور اس کے احکام کے آگے سر جھکاتے اور اپنے تئیں اس کے ادنیٰ غلاموں سے شمار کرتے ہیں۔ کیا یہ عزت خدا کی طرف سے نہیں ۔ خدا ؔ داد عزت کے مقابل پر تحقیر کرنا ان لوگوں کا کام ہے جو خداسے لڑنا چاہتے ہیں ۔ حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم خدا کے وہ برگزیدہ رسول ہیں جن کی تائید اور عزت ظاہر کرنے کے لئے خدانے دنیا کوبڑے بڑے نمونے دکھائے ہیں ۔ کیا یہ خداکے ہاتھ کا کام نہیں جس نے بیس کروڑانسانوں کا محمدی درگاہ پر سر جھکارکھا ہے۔اگرچہ ہر ایک نبی اپنی نبوت کی سچائی کے لئے کچھ ثبوت رکھتاہے لیکن جس قدر ثبوت آنجناب کی نبوت کے بارے میں ہیں جو آج تک ظاہر ہورہے ہیں ۔ ان کی نظیر کسی نبی میں نہیں پائی جاتی ۔ آپ لوگ اس دلیل کو نہیں سمجھ سکتے ! کہ جب زمین گناہ اور پاپ سے پلید ہوجاتی ہے ۔ اور خدا کے ترازو میں بدکاریاں اور بد چلنیاں اور بے باکیاں نیک کاموں سے بہت بڑھ جاتی ہیں تب خدا کی رحمت تقاضا کرتی ہے کہ ایسے وقت میں کسی اپنے بندے کو بھیج کرزمین کے فسادوں کی اصلاح کی جائے