بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْم دعوتِ حق 3 ۱ ؂ اِن کو کہہ دے کہ اگر خُدا کا کوئی فرزند ہوتا تو مَیں سب سے پہلے اُس کی پرستش کرتا۔ یہ اشتہار پادری صاحبوں کی خدمت میں نہایت عجز اَور ادب اور انکسار سے لکھا جاتا ہے کہ اگر یہ سچ ہوتا کہ حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام در حقیقت خدا کا فرزند ہوتا یا خداہوتا تو سب سے پہلے مَیں اُس کی پرستش کرتا اورمَیں تمام ملک میں اُس کی خدائی کی اشاعت کرتا اور اگرچہ مَیں دُکھ اُٹھاتا اَور مارا جاتا اور قتل کیا جاتا اَور اُس کی راہ میں ٹکڑے ٹکڑے کیا جاتا تب بھی مَیں اِس دعوت اورمنادی سے بازنہ آتا۔ لیکن اے عزیزو! خدا تم پر رحم کرے اور تمہاری آنکھیں کھولے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام خدا نہیں وہ صرف ایک نبی ہے ایک ذرّہ اِس سے زیادہ نہیں اور بخدا مَیں وہ سچی محبت اُس سے رکھتاہوں جو تمہیں ہر گز نہیں اور جس نور کے ساتھ مَیں اُسے شناخت کرتا ہوں تم ہر گزاُسے شناخت نہیں کر سکتے۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ وہ خدا کاایک پیارا اوربرگزیدہ نبی تھااَور اُن میں سے تھا جن پر خدا کاایک خاص فضل ہوتا ہے اور جو خدا کے ہاتھ سے پاک کئے جاتے ہیں مگر خدا نہیں تھا اورنہ خدا کابیٹا تھا۔