یا رب ہے تیرا احساں میں تیرے در پہ قرباں تونے دیا ہے ایماں تو ہر زماں نگبہاں تیرا کرم ہے ہرآں تو ہے رحیم و رحماں یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ کیونکر ہو شکر تیرا تیرا ہے جو ہے میرا تونے ہر اک کرم سے گھر بھر دیا ہے میرا جب تیرا نور آیا جاتا رہا اندھیرا یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ تونے یہ دن دکھایا محمود پڑھ کے آیا دل دیکھ کر یہ احساں تیری ثنائیں گایا صد شکر ہے خدایا صد شکر ہے خدایا یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ ہو شکر تیرا کیونکر اے میرے بندہ پرور تونے مجھے دئیے ہیں یہ تین تیرے چاکر تیرا ہوں میں سراسر تو میرا رب اکبر یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ ہے آج ختم قرآں نکلے ہیں دل کے ارماں تونے دکھایا یہ دن میں تیرے منہ کے قرباں اے میرے رب محسن کیونکر ہو شکر احساں یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ تیرا یہ سب کرم ہے تو رحمت اتم ہے کیونکر ہو حمد تیری کب طاقت قلم ہے میں تیرا ہوں ہمیشہ جب تک کہ دم میں دم ہے یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ اے قادر و توانا آفات سے بچانا ہم تیرے در پہ آئے ہم نے ہے تجھ کو مانا غیروں سے دل غنی ہے جب سے کہ تجھ کو جانا یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ احقر کو میرے پیارے اک دم نہ دور کرنا بہتر ہے زندگی سے تیرے حضور مرنا واللہ خوشی سے بہتر غم سے تیرے گذرنا یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ سب کام تو بنائے لڑکے بھی تجھ سے پائے سب کچھ تیری عطا ہے گھر سے تو کچھ نہ لائے تونے ہی میرے جانی خوشیوں کے دن دکھائے یہ روز کر مبارک سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ یہ تین جو پسر ہیں تجھ سے ہی یہ ثمر ہیں یہ میرے بار و بر ہیں تیرے غلام در ہیں