آتا ہے۔ اور یہ امر کسی اور جاندار کیلئے نصیب نہیں۔ اصلاح اول یعنی طبعی حالتیں اب ہم منجملہ قرآن شریف کی اصلاحات ثلاثہ کے پہلی اصلاح کو جو ادنیٰ درجہ کی طبعیؔ حالتوں کے متعلق ہے ذکر کرتے ہیں اور یہ اصلاح اخلاق کے شعبوں میں سے وہ شعبہ ہے جو ادب کے نام سے موسوم ہے۔ یعنی وہ ادب جس کی پابندی وحشیوں کو ان کی طبعی حالتوں کھانے پینے اور شادی کرنے وغیرہ تمدنی امور میں مرکز اعتدال پر لاتی ہے اور اُس زندگی سے نجات بخشتی ہے۔ جو وحشیانہ اور چوپایوں یا درندوں کی طرح ہو۔ جیسا کہ ان تمام آداب کے بارے میں اللہ جلشانہ قرآن شریف میں فرماتا ہے۔