عبد الحق غزنوی کے مباہلہ کا بقیہ عبد الحق غزنوی نے اپنے بیہودہ اشتہار میں مباہلہ میں فتح یاب ہونے کا بہت سوچ فکر کے بعد یہ حیلہ نکالا تھا کہ بھائی کے مرنے سے اس کی بیوی میرے قبضہ میں آئے اور یہ بھی اشارہ کیا تھا کہ آئندہ لڑکا پیدا ہونے کی امید ہے۔ اس کے جواب میں ہم نے اپنے رسالہ انوار الاسلام میں لکھ دیا تھا کہ بھائی کا مرنا اور اس کی ضعیفہ بیوہ کو نکاح میں لانا کوئی مراد یابی کی بات نہیں بلکہ اس کا ذکر کرنا ہی جائے شرم ہے وہ ضعیفہ جو اپنی جوانی کا اکثر حصہ کھا چکی تھی اس کو نکاح میں لاکر تو ناحق عبد الحق نے روٹی کا خرچ اپنے گلے ڈال لیا۔ اب معلوم ہوا ہوگا کہ ایسے بے ہودہ نکاح سے دکھ خریدا یا خوشی ہوئی۔باقی رہا لڑکا پیدا ہونا اس کا عبد الحق نے اب تک کوئی اشتہار نہیں دیا شاید وہ پیٹ کے اندر ہی اندر گم ہوگیا۔ یا بموجب آیت فرقانی لڑکی پیدا ہوئی اور منہ کالا ہوگیا۔ لیکن ہمیں خدا تعالیٰ نے عبد الحق کی یا وہ گوئی کے جواب میں بشارت دی تھی کہ تجھے ایک لڑکا دیا جائے گا۔ جیسا کہ ہم اسی رسالہ انوار الاسلام میں اس بشارت کو شائع بھی کر چکے سو الحمد للّٰہ والمنۃ کہ اس الہام کے مطابق ۲۷ ذی قعد ۱۳۱۲ ؁ھ میں مطابق ۲۴؍ مئی ۱۸۹۵ ؁ء میرے گھر میں لڑکا پیدا ہوا جس کا نام شریف احمد رکھا گیا۔ والسّلام علٰی من اتبع الہُدٰی راقم خاکسار غلام احمد عفی عنہ