مبارؔ ک وہ لوگ جو صادق ہیں
کیونکہ انجام کار فتح انہیں کی ہے
پرچہ نور افشاں دہم مئی ۱۸۸۸ ء کے دیکھنے والوں کو معلوم ہوگا کہ اس پرچہ کے ایڈیٹر نے اس عاجز کا ایک خط جو ایک پیشگوئی پر مشتمل ہے اپنے اس پرچہ میں درج کر کے کس قدر بدزبانی کے ساتھ زبان کھولی تھی اور کیا کیا بے جا اور خلاف تہذیب اور گندے لفظ اس عاجز کے حق میں بولے تھے یوں تو ان پادری صاحبوں پر کچھ بھی افسوس نہیں کرنا چاہیئے کیونکہ صداقت سے دشمنی کرنا اور انکار اور توہین سے پیش آنا ان کا قدیمی شیوہ ہے لیکن اس وقت ہمیں یہ دکھلانا منظور ہے کہ جس الہامی پیشگوئی کو انہوں نے نفسانی منصوبہ اور انسانی افترا قرار دے کر اپنی عادت کے موافق زبان درازی کی تھی اس کا انجام کیا نکلا کیا انجام کار وہ انسانی افترا ہی ثابت ہوا یا خدا تعالیٰ نے جو سچ کا حامی ہے اس کی صداقت کھول دی۔
سو واضح ہو کہ اس عاجز کا وہ خط جو دہم مئی ۱۸۸۸ ء کو پرچہ نور افشاں میں چھپا ہے اس کی عبارت جو پیشگوئی کے متعلق ہے اخبار مذکور کے صفحہ ۲،۳ میں مرزا احمد بیگ ہوشیار پوری کی نسبت یہ ہے۔ خدا تعالیٰ نے اپنے الہام پاک سے میرے پر ظاہر کیا ہے کہ اگر آپ اپنی دختر کلاں کا رشتہ میرے ساتھ منظور کریں تو وہ تمام نحوستیں آپ کی اس رشتہ سے دور کردے گا اور آپ کو آفات سے محفوظ رکھ کر برکت پر برکت دے گا۔