مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔ شاید ہفتہ سے زیادہ ہو گیا کہ دوا مطلوبہ آپ کی طرف سے آہنی ڈبیا میں بھیجی گئی ہے۔ جو آپ نے بھیجی تھی۔ تعجب ہے کہ اب تک آپ کو نہیں بھیجی گئی۔ جس کو آپ نے ڈبیا دی تھی۔ اس کے ہاتھ میں دوا بھیجی گئی ہے۔ باقی سب خیریت ہے۔ خاکسار غلام احمد عفی اللہ عنہ ۱۲؍ ستمبر ۱۸۹۷ء اشتہار جب چھپے گا۔ بھیج دیا جائے گا۔ دنیا نگر میں ایک قسم کا سفید اور شفاف شہد آیا کرتا ہے۔ آپ تلاش کرا کر ایک بوتل سفید اور رتازہ شہد کی ضرور ارسال فرماویں۔ غلام احمد (۲۶۰) ملفوف بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم محبی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ آپ کا عنایت نامہ پہنچا اور بعد پہنچنے خط کے جناب الٰہی میں آپ کے لئے دعا کی گئی اور انشاء اللہ رات کو دعا کروںگا۔ معلوم نہیں کہ سرکاری انتظام کے موافق اب آپ کتنے روز اور گورداسپور میں ٹھہریں گے۔ باقی تا دم حال بفضلہ تعالیٰ سب خیریت ہے۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ ۱۹؍ جنوری ۱۸۹۹ء نوٹ:۔ تاریخ ۱۹؍ جنوری ۱۸۹۸ء درج ہے۔ جو غالباً ۱۸۹۹ء ہے۔(عرفانی)