غلام مصطفی کے لئے دعا کی گئی ۔ خدا تعالیٰ اس کو کامیاب کرے۔ آمین۔ انشاء اللہ القدیر پھر دعا کروں گا۔ امید کی اپنے حالات خیریت آیات سے مطلع و مسرور الوقت فرماتے رہیں گے۔ نیاء رسالہ ابھی مطبع ہوکر نہیں آیا۔ باقی سب خیریت ہے۔
والسلام
خاکسار
غلام احمد از قادیان
۲۰؍جولائی ۱۸۹۲ء
(۱۹۲) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
محبی مکرمی اخویم منشی صاحب۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
عنایت نامہ پہنچا۔ آپ رخصت لیں۔ تو ضرور مجھ کو بھی ملیں۔ کیونکہ آپ کی ملاقات کو ایک مدت ہوگئی ہے۔ عرب صاحب کے لئے بہت خیال ہے اور نواب محمد علی خان صاحب کو اشارہ کے طور پر اور نیز تصریح سے میں نے کہا بھی تھا ۔ اس سے زیادہ اور کیا کہا جاوے۔ حیدر آباد سے کوئی خط نہیں آیا۔ معلوم نہیں وہ لوگ کس حال میں ہیں۔ آج کل ایسی ہوا چل رہی ہے کہ ایک نئے روز کا خطرہ ہوتا ہے ۔ کہ دلوں پر کیا اثر ڈالے۔ جسمانی وبا بھی ہیں اور روحانی بھی ۔
والسلام خاکسار غلام احمد ازقادیان ۲۵؍ جون ۱۸۹۲ء
نوٹ:۔ حامد علی السلام علیکم و سید محمد سعید السلام علیکم ،،درج ہے۔ (عرفانی)
(۱۹۳) ملفوف
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
محبی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
محبت نامہ پہنچاآپ کی دلی ہمدردی اور اخلاص فی الواقعہ ایسا ہی ہے کہ کسی قسم کا فرق باقی نہیں رکھا۔ جزاکم اللہ خیرالجزء واحسن الیکم فی الدنیا والعقبیٰ۔