توبہ و استغفار میں مشغول رہیں۔ زمین پر کچھ نہیں ہو سکتا۔ جب تک آسمان پر نہ ہو۔ خدا تعالیٰ پر قوی بھروسہ رکھیں۔ میرا ارادہ ہے کہ تبدیل ہواکے لئے ۳؍ جولائی ۱۸۹۰ء تک لودھیانہ میں جائوں۔ اگر آپ کی ملاقات ہو تو بہت بہتر ہے۔ اللہ تعالیٰ غفور الرحیم ہے۔ محبت اور یقین سے اس پر امید رکھو۔
والسلام
۲۵؍جون ۱۸۹۰ء
(۱۸۰) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مشفقی مکرمی اخویم سلمہ تعالیٰ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کے لئے جو اللہ جلشانہ نے بہتر سمجھا ہے وہی ہو گا اور امید رکھتا ہوں کہ دعا کا اثر آپ کے حق میں خیرو برکت ہو گا۔عسیٰ ان تکرھو اشیاء وھو خیر لکم۔ غالباً ۷؍ جولائی۱۸۹۰ء کو لودھیانہ کی طرف روانہ کروں گا۔ اقبال گنج کے محلہ میں میر ناصر نواب کا مکان ہے۔ وہاں سے میرا پتہ معلوم ہو گا۔ اضطراب نہ کریں تسلی رکھیں۔
والسلام خاکسار غلام احمد یکم جولائی ۱۸۹۰ء
(۱۸۱) پوسٹ کارڈ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم
مشفقی اخویم۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
یہ عاجز عرصہ زیادہ دو ہفتہ سے لودھیانہ میں ہے اور بار ہا بخلوص قلب آپ کے لئے دعا کی گئی ہے۔ امید ہے کہ خدا تعالیٰ بہرحال آپ کے لئے بہتر کرے۔ اسی کی طرف رجوع رکھو اور بے قرار مت ہو۔ وہ کریم ورحیم ہے اورمیں لودھیانہ میں محلہ گنج میں برمکان شاہزادہ حیدر اترا ہوا ہوں۔
والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ ۱۵؍ جولائی ۱۸۹۰ء